اسلام آباد(گدروشیا پوائنٹ) آئی ایس پی آر کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز بیان میں کہا گیا ہے کہ 19 اور 20 جولائی 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا، جہاں بھارتی حمایت یافتہ گروہ فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔ علاقے کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے قومی عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔

