وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کوئٹہ آمد

کوئٹہ(گدروشیاپوائنٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ پہنچیں جہاں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی کابینہ کے اراکین اور اسمبلی ممبران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں صوبوں کی قیادت کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبائی تعاون اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی آمد بلوچستان کے لیے خوش آئند ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے لیے دس ارب روپے کی معاونت کو مثبت اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کو تقویت ملے گی۔ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں حکومت اور اپوزیشن عوامی فلاح اور صوبے کے مفاد کے لیے متحد ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ ان کا پہلا دورہ بلوچستان کا ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام کے جذبے اور پاکستان سے وابستگی کو قابلِ ستائش قرار دیا اور یقین دلایا کہ بلوچستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت پنجاب ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ قومی یکجہتی سے ہی ممکن ہے اور پنجاب حکومت بلوچستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بلوچستان میں امن، استحکام اور خوشحالی دیکھنا چاہتی ہیں اور دونوں صوبوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ ملاقات کو بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔