اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ) جامعہ بلوچستان اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر دیے گئے۔ معاہدے پر جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد باذئی اور این ڈی ایم اے کے اعلیٰ حکام نے دستخط کیے۔ اس معاہدے کا مقصد قدرتی آفات سے نمٹنے، تحقیق، تربیت، آگاہی اور طلبہ کی عملی استعداد کار میں اضافے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ مفاہمت کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر ورکشاپس، انٹرن شپ پروگرامز، تحقیقی منصوبوں اور تربیتی سرگرمیوں کا انعقاد کریں گے۔
تقریب میں بلوچستان کی دیگر جامعات کے وائس چانسلرز بھی شریک تھے، جنہوں نے اس شراکت داری کو تعلیمی اداروں اور قومی اداروں کے درمیان مضبوط روابط کے قیام کی جانب ایک مثبت اور بروقت قدم قرار دیا۔ وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد باذئی نے اس موقع پر کہا کہ یہ معاہدہ بلوچستان میں تعلیمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شراکت داری کے ذریعے طلبہ کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں عملی تربیت اور فیلڈ ورک کے مواقع میسر آئیں گے۔مزید بتایا گیا کہ جامعہ بلوچستان اور این ڈی ایم اے مشترکہ طور پر تحقیقی رپورٹس، پالیسی تجاویز اور عوامی آگاہی مہمات پر بھی کام کریں گے تاکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے معاشرے میں شعور کو فروغ دیا جا سکے۔

