اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ)پاکستان بیت المال، یونیورسٹی آف تربت کے ان باصلاحیت اور مستحق طلبہ کو اسکالرشپ، مالی معاونت اور دیگر سہولیات فراہم کرے گا جن کے والدین کی ماہانہ آمدن 70 ہزار روپے سے کم ہے۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی آف تربت اور پاکستان بیت المال کے مابین بیت المال کے ہیڈ آفس اسلام آباد میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ مفاہمتی یادداشت پر تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور پاکستان بیت المال کے مینجنگ ڈائریکٹرسنیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے دستخط کیے۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال کے ڈائریکٹرجنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد ذیشان دانش اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر نے باصلاحیت اور مستحق طلبہ کو زیادہ سے زیادہ مالی سہولت فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹی کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ترجمان تربت یونیورسٹی کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ اس خطے کے طلبہ کی بڑی تعداد کا تعلق کم آمدنی والے خاندانوں سے ہے اور اس نوعیت کے اقدامات ان طلبہ کو معیاری اعلی تعلیم کے حصول اور انہیں خود مختار، ذمہ دار اور معاشرے کی کارآمد فرد بننے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستحق طلبہ کی تعلیم کے لئے سرمایہ کاری ملک کے انسانی وسائل کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

