اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ) چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے آج گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج نتھیا گلی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے مستحق خواتین کے مسائل سن کر متعلقہ عملے کو فوری حل کی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ امدادی رقم مستحق خواتین کا جائز حق ہے اور کسی بھی غیر قانونی کٹوتی پر فوری اطلاع دیں، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔رجسٹریشن کا عمل کمپیوٹرائزڈ ٹیبلٹ کے ذریعے مکمل طور پر مفت ہے، اس کے لیے نہ کوئی فارم ہے اور نہ ہی کوئی فیس۔سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ جب تک 8171 سے رقم وصولی کا پیغام نہ ملے، ادائیگی مرکز نہ جائیں تاکہ ہجوم سے بچا جا سکے اور کسی کو پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مستحق خواتین کی بہتر آگاہی کے لیے جلد ایک پورٹل کا اجراء کیا جائے گا۔سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے عملے کو ہدایت کی کہ مستحق گھرانوں کے تعلیمی وظائف کے ذریعے کامیاب طلبہ کو بینظیر ہنرمند پروگرام سے منسلک کیا جائے تاکہ ان کے گھرانوں کی معاشی حالت میں بہتری آئے۔

