نیشنل پارٹی کا مرکزی جلسہ عام، ایڈوکیٹ محی الدین ساسولی کی پہلی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

نیشنل پارٹی کا مرکزی جلسہ عام، ایڈوکیٹ محی الدین ساسولی کی پہلی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

کوئٹہ (گدروشیا پوائنٹ) نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام ایڈوکیٹ محی الدین ساسولی کی پہلی برسی کے موقع پر ایک مرکزی تعزیتی جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ یہ تقریب نہ صرف ایڈوکیٹ محی الدین ساسولی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی بلکہ ان کی قومی خدمات کو یاد رکھنے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

جلسہ عام سے نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی راحمت صالح بلوچ،خیرجان بلوچ، کلثوم نیاز بلوچ،مرکزی صدر اسلم بلوچ، سینئر رہنماؤں سردار یوسف، سردار مصطفیٰ خان ترین، حاجی عبدالمجید بزنجو، زاہد بزنجو، غلام نبی مری، میر نعمت اللہ زہری، رسول بخش، حنیف بلوچ، منظور بلوچ، عبدالواحد، سردار مصطفیٰ خان بزنج، حاجی فداحسین دشتی، معتبر شیرجان بلوچ، بی ایس او پجار کے چیئرمین بوہر صالح بلوچ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں سے سیاسی کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مقررین نے اپنے خطابات میں ایڈوکیٹ محی الدین ساسولی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت، اصولی سیاست اور وطن سے محبت کے لیے وقف کر دی۔ اُن کی جدوجہد، قربانیاں، اور جمہوری سوچ بلوچ سیاست میں ایک درخشاں باب کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اُنہوں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، مگر اپنے نظریے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔ مقررین نے کہا کہ محی الدین ساسولی جیسے مخلص کارکن ہماری تاریخ کے خاموش مگر عظیم کردار ہیں، جن کی قربانیوں کو یاد رکھنا اور ان سے سبق سیکھنا ہم سب کا قومی فریضہ ہے