آواران (گدروشیا پوائنٹ) بلوچستان کے ضلع آواران میں نامعلوم مسلح افراد نے مشکے میں معروف صحافی لطیف بلوچ کو ان کے گھر میں فائرنگ کر کےقتل کر دیا۔
واقعہ گزشتہ شب اس وقت پیش آیا جب لطیف بلوچ اپنے گھر میں آرام کر رہے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم افراد گھر میں داخل ہوئے اور سوئے ہوئے صحافی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جانبحق ہو گئے۔ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
لطیف بلوچ آواران اور مشکے کے ایک سرگرم، بے باک اور نڈر صحافی کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انہوں نے علاقے میں انسانی حقوق، بدامنی اور بنیادی مسائل پر بے خوفی سے رپورٹنگ کی۔ ان کی ہلاکت نے بلوچستان کی صحافتی برادری کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
صحافیوں کی تنظیموں، انسانی حقوق کے کارکنان اور سول سوسائٹی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے فوری تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) نے واقعے کو آزادیٔ صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
تاحال ضلعی انتظامیہ یا پولیس کی جانب سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

