اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ) 17 سال بعد گمشدہ لڑکی کرن ایدھی سینٹر کراچی میں مل گئی

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ) اسلام آباد سے 17 سال قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی بالآخر کراچی سے مل گئی۔ 27 سالہ کرن کو ایدھی سینٹر کراچی میں شناخت کے بعد اس کے والد عبدالمجید کے حوالے کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کرن بچپن میں گھر سے آئس کریم لینے نکلی تھی لیکن راستہ بھٹک گئی، جس کے بعد کسی نامعلوم شخص نے اسے ایدھی سینٹر اسلام آباد پہنچا دیا۔ بعد ازاں بلقیس ایدھی مرحومہ اسے کراچی لے آئیں جہاں وہ ایدھی سینٹر کی زیرِ کفالت رہی اور اس دوران اس نے دینی و دنیاوی تعلیم بھی حاصل کی۔ کرن نے والد سے ملنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “میں ایدھی سینٹر میں رہا بہت کچھ سیکھا، اچھا وقت گزارا، لیکن والدین سے ملنے کی خوشی الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی۔ ایدھی فاؤنڈیشن کی شبانہ فیصل ایدھی کے مطابق کرن کی تلاش کے لیے کئی مرتبہ کوششیں کی گئیں، یہاں تک کہ اسے بس سروس کے ذریعے اسلام آباد بھی بھیجا گیا مگر اس کے والدین کا سراغ نہ مل سکا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران ملک بھر سے 12 بچے والدین سے مل چکے ہیں جبکہ کراچی سے یہ پانچویں لڑکی ہے جس کے خاندان تک رسائی ممکن ہوئی ہے۔