اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ)حکومتِ پاکستان نے صحافیوں کے تحفظ اور حقوق کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے کمیشن فار پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز (CPJMP) قائم کردیا ہے۔ کمیشن کے لیے ملک بھر سے بارہ اراکین نامزد کیے گئے ہیں جن میں انسانی حقوق کے کارکن اور سینئر صحافی شامل ہیں۔بلوچستان سے صدر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس خلیل احمد کو کمیشن کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی نامزدگی پر بلوچستان کی صحافتی برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، کیونکہ صحافیوں کو درپیش مسائل اور تحفظ کے حوالے سے مرکز میں مؤثر آواز بننے کی امید بڑھ گئی ہے۔خلیل احمد صوبے کی صحافت کا معتبر نام ہیں۔ وہ اپنے مضبوط مؤقف، پیشہ ورانہ سنجیدگی اور وسیع تجربے کے باعث صحافی حلقوں میں خصوصی مقام رکھتے ہیں۔ ان کی کمیشن میں شمولیت کو بلوچستان کے صحافیوں کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔نئے قائم کردہ کمیشن کا بنیادی مقصد ملک بھر میں صحافیوں کے تحفظ، آزادیٔ صحافت اور ورکنگ کنڈیشنز کو بہتر بنانا ہے، تاکہ میڈیا پروفیشنلز کے لیے محفوظ اور آزادانہ ماحول فراہم کیا جاسکے۔

