قلات (گدروشیا پوائنٹ) بلوچستان کے شہر قلات میں مغلزئی مین روڈ پر واقع ایک تندور میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات سامنے آئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تندور پر روٹی لگانے کا عمل غیر معیاری اور غیر صحت مند طریقے سے کیا جا رہا ہے۔ یہ ویڈیو ایک شہری نے بنا کر گدروشیا پوائنٹ کے ضلع قلات کے نمائندے نائب اسرار مینگل کو ارسال کی اور علاقے کے وٹس ایپ گروپوں میں وائرل ہوگئی۔ جس کے بعد عوامی حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن (ر) جمیل بلوچ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ ڈی سی قلات کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر آفتاب احمد لاسی کی نگرانی میں تحصیلدار عبدالغفار لہڑی اور بابو ثناءاللہ محمد حسنی نے کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ تندور کو ناقص صفائی پر سیل کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوامی صحت کے خلاف غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور شہر میں صفائی کے معیار کے خلاف بلا امتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

