قلات (گدروشیا پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد بلوچ کی زیر صدارت پولیو مہم سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر آفتاب احمد لاسی، ڈی ایچ او ڈاکٹر انجم بلوچ، ڈسٹرکٹ سپورٹ مینیجر پی پی ایچ آئی مجیب بلوچ، محکمہ صحت قلات کے افسران، ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی چار روزہ پولیو مہم کے لیے ٹیموں کی تشکیل، سکیورٹی اور انتظامی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر انجم بلوچ نے ملٹی میڈیا کے ذریعے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کے دوران ضلع قلات کی دو تحصیلوں کی 19 یونین کونسلز میں مجموعی طور پر 39 ہزار 636 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پیدائش سے پانچ سال تک کے بچوں کو اس مہم میں شامل کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر جمیل احمد بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے اور اس سے نجات کے لیے قطرے پلانا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل بچوں کی صحت مندی سے مشروط ہے، لہٰذا سب کو مل کر اس مہم کو کامیاب بنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ علما، خطیب، صحافی، ادبا اور شعرا کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام میں شعور اجاگر کریں تاکہ کوئی بچہ اس مہم سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مانیٹرنگ ٹیموں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہر بچے تک پولیو کے قطرے پہنچیں۔ غفلت اور لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی.

