تربت(گدروشیا پوائنٹ)نوکنڈی میں جامعہ غوثیہ بغدادیہ قادریہ سے عظیم الشان ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت حافظ مفتی احمد رضا قادری اور قاری نوراللہ قادری نے کی۔ ریلی میں عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی۔ اسی موقع پر اہل سنت و جماعت کے زیر اہتمام نوکنڈی بازار میں جلسہ عام بھی ہوا، جس میں علما کرام نے سیرتِ طیبہ ﷺ پر روشنی ڈالی اور آخر میں اجتماعی دعا کرائی گئی۔
نصیرآباد کے ڈیرہ مراد جمالی میں مرکزی جلوس حسینی چوک سے نکالا گیا، جبکہ مختلف جماعتوں کے جلوس شامل ہوکر ڈی سی چوک پر ایک بڑے اجتماع میں بدل گئے۔ علما کرام نے سیرت النبی ﷺ پر روشنی ڈالی اور اتحادِ امت پر زور دیا۔
خاران میں بھی مختلف کلیوں سے جلوس نکلے جو شہید نواب اکبر خان بگٹی اسٹیڈیم میں مرکزی ریلی میں شامل ہوئے۔ جلسے سے مفتی اعظم بلوچستان مولانا حبیب احمد نقشبندی سمیت علما نے خطاب کیا۔
سبی میں 100 سے زائد جلوس نکالے گئے جو میلاد چوک اور نشتر روڈ پر مرکزی اجتماع میں بدل گئے۔ معروف علما اور نعت خواں حضرات نے حضور ﷺ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کیے۔ اس کے علاوہ تحریک لبیک کی موٹر سائیکل و کار ریلی اور مشعل بردار جلوس بھی نکالے گئے۔
ضلع صحبت پور میں بھی غوثیہ مسجد سے مرکزی ریلی نکالی گئی، جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی جلوہ گاہ پر اختتام پذیر ہوئی۔ شہر بھر کی گلیاں اور بازار مرحبا یا مصطفی ﷺ کے نعروں اور درود و سلام کی صداؤں سے گونجتے رہے۔
تمام شہروں میں عاشقانِ رسول ﷺ نے والہانہ عقیدت کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کیا اور اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

