تربت: بلوچ وومن فورم کا جبری گمشدگیوں پر اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کے ساتھ سیشن

تربت(گدروشیا پوائنٹ)بلوچ وومن فورم (BWF) نے اقوام متحدہ کے جبری گمشدگیوں کے ورکنگ گروپ کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن منعقد کیا جس میں بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے سنگین مسئلے کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر جبری طور پر لاپتہ افراد کے لواحقین نے شرکت کی اور اپنے پیاروں کی صحت، سلامتی اور بنیادی انسانی حقوق کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا۔
بلوچ وومن فورم کی مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ فورم نے ہمیشہ پاکستان بھر خصوصاً بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف واضح مؤقف اختیار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جبری اور غیرقانونی حراستیں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
ایک روزہ سیشن میں مختلف اضلاع سے آنے والے خاندانوں نے براہِ راست اقوام متحدہ کے وفد کو اپنے مسائل سنائے۔ سیشن کے اختتام پر فورم کی مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر شلی بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جبری گمشدگیاں عام شہریوں سے لے کر سیاسی کارکنوں تک سب کو متاثر کر رہی ہیں۔
مرکزی ترجمان نے اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام دروازے کھٹکھٹانے کے بعد متاثرہ خاندان اب عالمی اداروں کی جانب رجوع کر رہے ہیں تاکہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔