مستونگ (گدروشیا پوائنٹ) — ضلع مستونگ کے علاقے لکپاس میں ایک اندوہناک واقعے میں پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ واقعہ منگل کی صبح 7 بجے پیش آیا۔ لیویز تھانہ ولی خان میں قتل کا مقدمہ درج کر کے خاتون کے 5 بھائیوں کو نامزد کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقتولین نے سات سال قبل کورٹ میرج کے ذریعے پسند کی شادی کی تھی۔ حال ہی میں دونوں خاندانوں کے درمیان صلح (راضی نامہ) ہو چکی تھی، جس کے بعد مقتولہ کے بھائیوں نے جوڑے کو دعوت پر بلایا۔
مقتول جوڑا پنجگور سے زمباد پک اپ گاڑی میں لکپاس کے لیے روانہ ہوا۔ انہیں نوشکی کراس کے مقام پر رکنے کا کہا گیا، جہاں پہلے سے گھات لگائے ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر پہنچے اور ٹی ٹی پستول سے فائرنگ کر کے دونوں کو قتل کر دیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جوڑے کے دو معصوم بچے بھی ان کے ہمراہ موجود تھے اور اپنے والدین کے قتل کا منظر اپنی آنکھوں سے دیکھتے رہے۔
ذرائع کے مطابق نامزد ملزمان کا تعلق جتوئی بلوچ قبائل سے ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ لیویز حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

