اوتھل(گدروشیا پوائنٹ) صوبائی وزیر زرین مگسی کا اوتھل کا دورہ، عوامی مسائل کے حل کی یقین دہانی تفصیلات کے مطابق پارلیمانی امور، سیاحت و ثقافت کے وزیر نواب زادہ میر زرین خان مگسی ایک روزہ دورے پر اوتھل پہنچے۔ سرکٹ ہاؤس میں قیام کے دوران انہوں نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کیں، جنہوں نے علاقے میں بنیادی سہولیات کی کمی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے عوامی مسائل بغور سنے اور ان کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ لسبیلہ کے عوام کی مشکلات کا ازالہ ان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لسبیلہ کی ترقی کے لیے حکومتِ بلوچستان اور وفاقی حکومت سنجیدہ کوششیں کر رہی ہیں۔ شہر کی خوبصورتی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے 100 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، جس سے لسبیلہ کو جدید طرز پر ترقی دی جائے گی۔

