قلا ت(گدروشیا پوائنٹ) ضلعی انتظامیہ قلات اور محکمہ جنگلات کی جانب سے مون سون شجرکاری مہم 2025 کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
یہ تقریب ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں واقع محکمہ جنگلات کے دفتر میں منعقد ہوئی، جہاں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) جمیل احمد بلوچ، ایس پی قلات شہزاد اکبر، اور ڈویژنل فاریسٹ آفیسر علی اکبر بنگلزئی نے پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ حیوانات عبدالفتاح لانگو، تحصیلدار قلات حاجی عبدالغفار لہڑی، سپرنٹنڈنٹ فاریسٹ آفس محمد یعقوب، اے پی ایس ڈپٹی کمشنر علی زہری، رینج فاریسٹ آفیسر حبیب لہڑی، ایس ڈی او وائلڈ لائف شیراحمد مینگل اور دیگر نے بھی پودے لگائے۔
اس موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر علی اکبر بنگلزئی نے ڈپٹی کمشنر کو مون سون شجرکاری مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ جنگلات سال 2025 کے لیے ضلع قلات میں 5000 درخت لگائے گا، جب کہ 15000 درخت عوام میں تقسیم کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر جمیل احمد بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ناگزیر ہے۔ ہر شخص کم از کم ایک درخت ضرور لگائے اور اس کارِ خیر میں اپنا حصہ ڈالے۔ تمام محکموں کے ذمہ داران اپنے دفاتر میں درخت لگائیں۔ علاقہ معززین اور صحافی برادری عوام میں درختوں کی اہمیت و افادیت سے متعلق شعور اجاگر کریں۔ درخت لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی دیکھ بھال اور حفاظت کو بھی یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ قلات محکمہ جنگلات سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

