قلات (نمائندہ گدروشیا پوائنٹ)
چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل قلات پرنس آغا عرفان کریم احمد زئی نے ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن (ر) جمیل بلوچ کے ہمراہ پرنس کریم خان ہسپتال قلات کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا گیا اور عملے سے ملاقات کی گئی۔ اس موقع پر نجیب اللہ مینگل اور آغا کریم شاہ نے ہسپتال میں دستیاب سہولیات اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد نے ایمرجنسی، او پی ڈی، ادویات کے اسٹور، ڈائلاسز سیکشن، ایم ای آر سی سینٹر اور ایمبولینس سروس سمیت دیگر شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن (ر) جمیل بلوچ نے بتایا کہ ہسپتال کا سولر سسٹم مکمل فعال کر دیا گیا ہے، جس کے باعث ڈائلاسز مشینوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ہسپتال کے ٹیوب ویل کو بھی مکمل فعال کر کے مریضوں اور عملے کے لیے پانی کی مستقل فراہمی ممکن بنائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادویات کی کوئی کمی نہیں جبکہ ڈاکٹروں اور تکنیکی عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل پرنس آغا عرفان کریم احمد زئی نے ہسپتال میں جاری سہولیات اور اصلاحی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کے اقدامات لائق تحسین ہیں اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضلعی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

