سوراب(گدروشیاء پوائنٹ، نمائندہ: سراج احمد بلوچ) ایس پی سوراب جناب ایوب اچکزئی نے ڈی ایس پی ناصر حسین،ایس ایچ او عبدالحفیظ موسیانی،اے ایس آئی خلیل اکبر اور ہیڈ محرر محمد عظیم کے ہمراہ پولیس تھانہ سوراب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ شب سوراب پولیس اور لیویز فورس نے نغاڑکے علاقے میں خفیہ معلومات پر مشترکہ کارروائی کی اس دوران ڈکیت گینگ کے سرغنہ نے پولیس پر براہ راست فائرنگ کی، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک کارندہ گرفتار ہوا اور اس کے قبضے سے کلاشنکوف بمعہ راؤنڈز برآمد کیے گئے،مزید کارروائی کے دوران کلی دمب میں سرغنہ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے ایک الٹس کار، دو موٹر سائیکلیں اور ایک شارٹ گن رپیٹر برآمد کی گئی۔ تحصیل دشگتوران کے علاقے مل شاہورائی میں بھی چھاپہ مارا گیا، جہاں سے ایک ماہ قبل قلات سے چوری شدہ ٹاور کا سامان برآمد کیا گیا۔ تاہم، گینگ کا سرغنہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، مگر اس کی ویگو گاڑی دوران فرار ایکسیڈنٹ کا شکار ہو گئی، جسے پولیس نے قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دیا اور گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے. اس موقع پرایس پی ایوب اچکزئی نے مزید کہا کہ سوراب پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی.

