پاکستان اور روس کے درمیان مضبوط، خوشگوار اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں،گورنر بلوچستان کا روس میں بزنس کمیونٹی سے خطاب

کوئٹہ/روس(گدروشیاپوائنٹ)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ بلوچستان کے سینکڑوں یونیورسٹی طلباء کو بہت جلد اسکالرشپ کے تحت روس بھجوایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان مضبوط، خوشگوار اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں، جنہیں تعلیم، تجارت، زراعت، معدنیات اور دیگر شعبوں میں مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ گورنر نے کہا کہ روس اپنی مہارت اور تجربے کی بنیاد پر پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ نئی نسل کو معیاری تعلیم اور جدید مہارتوں سے لیس کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہ ترقی و خوشحالی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے سینٹ پیٹرزبرگ میں پرتپاک میزبانی پر پاکستانی قونصل جنرل عبدالروف رند کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ روس میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ گورنر کے ہمراہ بلوچستان کی تین سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسپل سیکرٹری ہاشم خان غلزئی اور معروف بزنس مین شیخ حیات مندوخیل بھی موجود تھے۔ گورنر مندوخیل نے روسی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں موجود منافع بخش مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی اور کہا کہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم شراکت داری کے مواقع کو بروئے کار لاتے ہوئے آئندہ نسلوں کے لیے روشن مستقبل یقینی بنائیں۔