تربت(گدروشیا پوائنٹ) کیچ اسپورٹس فیسٹیول کے سربراہ اور ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے فیسٹیول کمیٹی کے سیکرٹری التاز سخی اور متحرک رکن ہومر ہوت کے ہمراہ کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے حوالے سے ایک اہم اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جیسا کہ اس سے قبل کیچ کے عوام کو آگاہ کیا گیا تھا کہ 5 جنوری سے تربت میں ایک گرینڈ کیچ اسپورٹس فیسٹیول منعقد کیا جا رہا ہے جس کا ایک اہم اور نمایاں حصہ تاریخی میراتھن ریس ہوگی۔ اس میراتھن ریس کے ذریعے کیچ کے عوام مل کر ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ میراتھن ریس 10 جنوری کو انشاءاللہ صبح ساڑھے 10 بجے شروع ہوگی۔ ریس کا آغاز تربت بازار کے سینما چوک (گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول کے قریب) سے ہوگا جو پولیس تھانے تک جائے گی وہاں سے تختی چوک پھر تعلیمی چوک اور آخر میں ایئرپورٹ روڈ سے فٹبال اسٹیڈیم تک اختتام پذیر ہوگی۔ اس میراتھن ریس کا مجموعی فاصلہ تقریباً 5.5 سے 6 کلومیٹر کے درمیان ہوگا۔
انہوں نے ضلع کیچ کے تمام نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ابھی سے تیاری شروع کریں۔ باقاعدہ ٹریننگ کریں اور اس تاریخی مقابلے میں بھرپور شرکت کریں۔ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو ایک لاکھ روپے جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 50 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ دونوں پوزیشن ہولڈرز کو اسٹیج پر بلا کر اعزازات سے نوازا جائے گا اور گولڈ اور براؤن میڈلز دیئے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے عطا شاد کالج، بوائز ماڈل ہائی اسکول، اپسر ہائی اسکول اور ضلع کیچ کے تمام کالجز و اسکولز ہوشاپ، بلیدہ، ناصر اباد، تمپ، مند اور دشت کے طلبہ سے خصوصی طور پر شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پوزیشن ہولڈر عطا شاد کالج سے ہو۔ اس کے علاوہ ہوشاب، ناصرآباد، تمپ، مند، دشت، بلیدہ سمیت ضلع کے تمام نوجوان اور بچے جو خود کو اچھا رنر سمجھتے ہیں، اس میراتھن میں ضرور حصہ لیں۔
انہوں نے محکمہ تعلیم کیچ کو ہدایت دی کہ 10 جنوری کو صبح ساڑھے 10 بجے طلبہ کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر بشیراحمد بڑیچ نے کہا کہ وہ اس مقابلے کے ذریعے پورے ضلع کیچ کے سب سے فٹ فرد کو عوام کے سامنے لانا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے سیاسی جماعتوں، انجمن تاجران، لائن ڈیپارٹمنٹس اور تمام سرکاری اداروں سے بھی علامتی شرکت کی اپیل کی۔ انہوں نے کیچ کے نمائندوں اورسیاسی اکابرین ظہور بلیدی، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، برکت صاحب، اصغر رند اور مینا مجید بلوچ اور دیگر مقامی سیاسی شخصیات سے خصوصی درخواست کی کہ وہ خود شرکت کریں اور اس ایونٹ کو کامیاب بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر کیچ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اس میراتھن کے ذریعے قومی سطح پر ایک مثبت، خوبصورت اور امن کا پیغام دیا جائے کہ کیچ کے لوگ زندہ دل، محبت کرنے والے اور امن پسند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ میراتھن ریس ضلع میں امن، محبت اور یکجہتی کی نئی لہر دوڑانے کا سبب بنے گی۔

