کوئٹہ: میر اصغر رند کا وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ٹیلی فونک رابطہ، جنوری میں تمپ ضلع کے قیام کا نوٹیفکیشن متوقع

کوئٹہ(گدروشیا پوائنٹ)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے انرجی میر اصغر رند نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ۔ رابطے کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے میر اصغر رند کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تمپ اور مند کے عوام کی طویل انتظار کی گھڑیاں اب ختم ہونے والی ہیں اور انہیں رواں ماہ ہی تمپ ضلع کے باقاعدہ قیام کی خوشخبری ملے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ جنوری کے مہینے میں تمپ ڈسٹرکٹ کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا، جس سے علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو جائے گا۔ میر اصغر رند نے تمپ ضلع کے نوٹیفکیشن کے اجرا کی یقین دہانی پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ تمپ اور مند کے عوام کے لیے ایک تاریخی اور خوش آئند قدم ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ تمپ ضلع کے قیام کے لیے صوبائی مشیر برائے فشریز معتبر حاجی برکت رند، صوبائی وزیر برائے پی اینڈ ڈی ظہور احمد بلیدی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اسپورٹس مینا مجید کی بھرپور کاوشیں بھی شامل ہیں، جن کی مسلسل جدوجہد نے اس اہم پیش رفت میں کلیدی کردار ادا کیا۔