ڈیرہ بگٹی:وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کو باضابطہ طور پر چیف آف بگٹی قبیلہ کے طور پر دستاربندی کر دی گئی

ڈیرہ بگٹی (گدروشیا پوائنٹ) بلوچستان کے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کو باضابطہ طور پر چیف آف بگٹی قبیلہ کے طور پر دستاربندی کر دی گئی۔ اس موقع پر ایک تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں قبائلی عمائدین، سیاسی شخصیات اور مقامی عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ پہلے بھی عوام کی خدمت کر رہے تھے اور اب مزید بھرپور کوشش کریں گے تاکہ قبیلے کے عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بگٹی قبائل کے 300 بچوں کے لیے ایک ہاسٹل کی عمارت تعمیر کی جا رہی ہے تاکہ بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم اور فلاح کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے اور قبیلے کے بچوں کی تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ قبائلی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ بگٹی قبیلے کے روایتی رسم و رواج اور مشاورت کے بعد کیا گیا ہے، جس کا مقصد قبائل میں اتحاد اور ترقی کی راہیں ہموار کرنا ہے۔