بلوچستان کے شہر قلات سے ہمارے گدروشیا پوائنٹ کے نمائندے نائب اسرار مینگل کے رپورٹ کے مطابق.دشتِ مغلزئی میں دو سگے بھائیوں کو ذبح شدہ حالت میں ملنے کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جس نے پورے علاقے کو دہلا کر رکھ دیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق علی اکبر مینگل اور عبدالمنان مینگل ولد فیض محمد مینگل کو شدید زخمی حالت میں پایا گیا، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ ایس ایچ او سٹی تھانہ قلات عبدالمجید رئیسانی ٹیم سمیت موقع پر پہنچے اور دونوں زخمی بھائیوں کو سول اسپتال قلات منتقل کیا۔
اسپتال انتظامیہ نے مریضوں کی حالت دیکھتے ہی ایمرجنسی نافذ کردی۔
ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر نصراللہ لانگو نے تمام اسٹاف کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی جبکہ سرجنز نے فوری طبی امداد فراہم کی۔ اس دوران لیبارٹری انچارج مجیب اللہ نے بروقت خون کا بندوبست کرکے علاج میں اہم کردار ادا کیا۔
واقعے کی اطلاع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قلات شاہنواز بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر بھی اسپتال پہنچے اور زخمیوں کی حالت سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق دونوں بھائیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث انہیں مزید بہتر علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش مختلف زاویوں سے جاری ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی.

