اسلام آباد، سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ایرانی سفارتخانے آمد، پاک ایران بارڈر راہداریوں کے کھولنے پر زور

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ) سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایرانی سفارتخانے کا دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر سے ہوئی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، سرحدی تجارت اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صادق سنجرانی نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کی جانب سے دیے گئے بھرپور جواب کو سراہتے ہوئے ایرانی حکومت اور عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ایرانی سفیر نے بھی اسرائیل کے خلاف پاکستانی عوام کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں سابق چیئرمین سینیٹ نے ضلع چاغی میں پاک ایران سرحدی مقام “راجے روہتک” کو فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی سرحدی پٹی پر موجود راہداریوں کو فعال کرنا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارڈر ٹریڈ دونوں اطراف کے لاکھوں لوگوں کے روزگار کا ذریعہ ہے، اور ان راہداریوں کو کھولنے سے نہ صرف معاشی مواقع میں اضافہ ہوگا بلکہ غیر ضروری درآمدی اخراجات میں بھی کمی واقع ہوگی۔ صادق سنجرانی نے زور دیا کہ دونوں ممالک کی عوام کو ایک دوسرے کی مصنوعات سے فائدہ اٹھانے کا مکمل حق حاصل ہے۔
ایرانی سفیر نے صادق سنجرانی کو یقین دہانی کرائی کہ پاک ایران تجارتی راہداریوں کو جلد بحال کیا جائے گا اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔