اسلام آباد(گدروشیا پوائنٹ)لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز اوتھل کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین نے پاکستان بیت المال کے نمائندوں سے ملاقات کر کے لوامز اور پاکستان بیت المال کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ یادداشت پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین اور پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سنیٹر ریٹائرڈ کیپٹن شاہین خالد خان نے دستخط کیے۔ اس موقع پر لوامز کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر الہی بخش مرغزانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ یہ مفاہمتی یادداشت مستحق طلباء کی فلاح، تعلیم اور سماجی بہبود کو فروغ دینے کے لیے دستخط کی گئی ہے۔ اس کے تحت پاکستان بیت المال لسبیلہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو اسکالرشپ فراہم کرے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین نے طلباء کے لیے مالی معاونت پر پاکستان بیت المال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسکالرشپ سے طلباء کی تعلیم میں مالی مشکلات میں کمی آئے گی اور ان کے تعلیمی سفر کو فروغ ملے گا۔

