تربت(گدروشیا پوائنٹ) ضلع کیچ میں دو روز کے دوران تین افراد قتل۔ بلوچستان کے ضلع کیچ میں گزشتہ دو روز کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں تین افراد قتل ہوگئے۔ پولیس کے مطابق آج (جمعہ) تربت اور بلیدہ میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات پیش آئے جن میں دو افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز کیچ ندی سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی، جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ بعد ازاں لاش کی شناخت عبدالخالق ولد امیر بخش ساکن دشتی بازار تربت کے نام سے ہوئی۔ اسی روز بلیدہ کے علاقے میناز میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے علی ولد سعید کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جمعرات کی صبح بھی نامعلوم مسلح افراد نے میری کے علاقے میں فائرنگ کرکے نجیب اللہ ولد محمد یعقوب سکنہ میری کو قتل کردیا تھا۔ مقتول گورنمنٹ گرلز اسکول میری میں نائب قاصد کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں قتل کی اصل وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

