تربت: سینیٹر اسماعیل بلوچ اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی پریس کانفرنس، امن و امان کی صورتحال اور بارڈر بندش پر تشویش

تربت (گدروشیا پوائنٹ)نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور سینیٹر اسماعیل بلوچ نے تربت پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضلع کیچ میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال، بارڈر بندش اور جبری گمشدگیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ کیچ میں آئے روز لوگوں کو لاپتہ کیا جا رہا ہے جبکہ قتل و غارتگری کے واقعات نے عوام میں خوف و ہراس پیدا کر رکھا ہے۔ ان حالات نے خطے کے امن اور عوامی اعتماد کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ سینیٹر اسماعیل بلوچ نے کہا کہ بارڈر پالیسی کے باعث سینکڑوں خاندان معاشی مشکلات سے دوچار ہیں، حکومت فوری طور پر بارڈر ٹریڈ کو شفاف طریقے سے بحال کرے تاکہ عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو امن، روزگار اور تعلیم کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، لیکن حکومت کی غفلت سے حالات مزید بگڑ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل پارٹی عوام کے حقوق، جمہوریت اور انسانی وقار کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔