تربت (گدروشیا پوائنٹ) میونسپل کارپوریشن تربت کے میئر بلخ شیر قاضی نے جمعہ کے روز ٹیچنگ اسپتال تربت کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ چیف آفیسر شعیب ناصر و دیگر تھے۔ میئر تربت نے اسپتال کی مین فارمیسی میں نصب کئے گئے سولر سسٹم اور ایئر کنڈیشننگ یونٹ کا جائزہ لیا۔ یہ منصوبہ میونسپل کارپوریشن کے فنڈز سے مکمل کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز میئر بلخ شیر قاضی نے اسپتال کا دورہ کیا تھا جس کے دوران میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وحید بلیدی نے انہیں آگاہ کیا تھا کہ تربت کی شدید گرمی اور بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ کے باعث اسپتال میں موجود ادویات ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ اس مسئلے کے پیشِ نظر میئر نے فوری طور پر میونسپل کارپوریشن کے فنڈز سے اسپتال کی مین فارمیسی میں سولر سسٹم اور اے سی کی تنصیب کے احکامات دیئے تھے۔ آج بروز جمعہ بلخ شیر قاضی نے سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور تنصیب کے معیار کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایم ایس ڈاکٹر وحید بلیدی سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور اسپتال کے مسائل و ضروریات کے بارے میں بریفنگ لی۔ میئر تربت نے کہا کہ شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ بحیثیت سٹی میئر ہرممکن تعاون کریں گے اور اسپتالوں میں توانائی بحران کے اثرات کم کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

