دالبندین( گدروشیا پوائنٹ) ریکوڈک پروجیکٹ منصوبے کے تحت نوجوانوں کے لیے معلوماتی سیشن، روزگار کے مواقع، سی وی سازی اور آن لائن اپلائی سے متعلق آگاہی ۔ ریکوڈک مائننگ کمپنی (RDMC) کے زیر اہتمام گورنمنٹ فرحان جان ہائی سکول دالبندین کے ہال میں نوجوانوں کے لیے ایک معلوماتی و رہنمائی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں مقامی نوجوان شریک ہوئے اس پروگرام کا بنیادی مقصد ریکوڈک منصوبے سے منسلک ملازمت کے مواقع، سی وی (CV) سازی، اور روزگار کے لیے مؤثر تیاری سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ پروگرام سے حاجی گل خان نصیر بلوچ، عنایت بلوچ، اور سینئر کمیونیکیشن آفیسر نصیب اللہ بڑیچ نے خطاب کرتے ہوئے منصوبے کی اہمیت، ملازمتوں، اور مختلف شعبہ جات میں درکار مہارتوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوانوں کو مؤثر سی وی بنانے، آن لائن اپلائی کرنے کے درست طریقے، اور انٹرویو کی تیاری جیسے اہم نکات سے آگاہ کیا۔پروگرام کے دوران نوجوانوں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور مختلف سوالات کیے جن کے تفصیلی جوابات گل خان نصیر اور عنایت بلوچ نے دیے۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے آگاہی سیشنز کا انعقاد جاری رکھا جائے تاکہ علاقے کے نوجوان جدید تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کر سکیں اور مقامی سطح پر دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔

