گوادر: ڈی ایچ او ڈاکٹر یاسر طاہر بلوچ کے مختلف صحت مراکز کے دورے، سہولیات میں بہتری کے لیے اقدامات کا اعلان

گوادر: ڈی ایچ او ڈاکٹر یاسر طاہر بلوچ کے مختلف صحت مراکز کے دورے، سہولیات میں بہتری کے لیے اقدامات کا اعلان

گوادر (گدروشیا پوائنٹ/عبید اللہ) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر بلوچ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد ضلع کے مختلف صحت مراکز کے تفصیلی دورے کیے۔ انہوں نے رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) سربندن، بیسک ہیلتھ یونٹ (بی ایچ یو) گھٹی ڈھور اور سول ڈسپنسری شمبے اسماعیل کا معائنہ کیا۔ ان دوروں کا مقصد صحت کے مراکز میں دستیاب سہولیات، اسٹاف کی حاضری، ادویات کی فراہمی اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔ دوروں کے دوران ڈی ایچ او گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر بلوچ نے مختلف مراکز میں لیبر روم، لیبارٹری، ایکسرے روم، حفاظتی ٹیکہ جات سیکشن، صفائی ستھرائی، اور بنیادی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے اسٹاف کی حاضری رجسٹر، ادویات کے ذخیرے اور آلات کی دستیابی چیک کی، جبکہ متعدد مقامات پر سہولیات کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر یاسر طاہر بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے تمام مراکز میں بہتری لانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سربندن آر ایچ سی میں لیبر روم، لیبارٹری اور ایکسرے سروسز کو فعال بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ بی ایچ یو گھٹی ڈھور میں صفائی، سروس ڈلیوری اور اسٹاف کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ شمبے اسماعیل کی سول ڈسپنسری کو بی ایچ یو کا درجہ دینے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ مقامی آبادی کو علاج کی سہولت ان کے قریب میسر ہو سکے۔ ڈی ایچ او گوادر نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولت ان کی دہلیز پر پہنچانا ہمارا مقصد ہے، اور ڈیوٹی میں غفلت یا غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مراکز صحت کے مسائل کو خود موقع پر جا کر دیکھ رہے ہیں تاکہ ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی ایچ او ڈاکٹر یاسر طاہر بلوچ کے ان دوروں کو مثبت اور قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اقدامات سے ضلع گوادر کے صحت نظام میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہریوں کو بنیادی علاج معالجے کی سہولت بہتر انداز میں حاصل ہوگی۔