لسبیلہ (گدروشیا پوائنٹ) آر سی ڈی شاہراہ پر چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر وین اور پروبکس گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہوگئے، جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں شدید افرا تفری پھیل گئی اور ریسکیو اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو سول اسپتال بیلہ منتقل کیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق آج شام کے واقعے میں زخمیوں میں سے چار افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد فوری طور پر کراچی ریفر کردیا گیا۔ حادثے کی وجہ تیز رفتاری بتائی جارہی ہے، پولیس نے ابتدائی رپورٹ تیار کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔حادثے کی اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر رومیل نعیم جان اسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ دوسری جانب ریسکیو 1122، ایدھی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے موقع پر پہنچ کر بروقت امدادی کارروائیاں انجام دیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

