تربت(گدروشیا پوائنٹ)بل نگور میں گورنمنٹ مڈل اسکول کاشاپ بل نگور میں جمعیت علماء اسلام تحصیل دشت کے نائب امیر اور پی ٹی ایس ایم سی کے چیئرمین فرید شاہ کاشاپی کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں معززینِ علاقہ اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت مولانا احمد شاہ نے حاصل کی۔ اسکول کے ہیڈ ٹیچر خالد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس جدید دور میں تعلیم کے میدان میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ ہمارے اسکول میں چار دیواری تک موجود نہیں، اور طلبہ کے لیے بیت الخلا جیسی بنیادی سہولت بھی میسر نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دو سال قبل اسکول کے لیے دو کمروں کی منظوری دی گئی تھی, لیکن آج تک ان کمروں کی چھت، دروازے کھڑکیاں اور پلستر کا کام مکمل نہیں کیا گیا۔ہیڈ ٹیچر خالد علی اور اجلاس کے شرکاء نے حکومتِ بلوچستان، ڈپٹی کمشنر کیچ، ایجوکیشن افسرانِ کیچ اور ضلعی چیئرمین و وائس چیئرمین سے اپیل کی کہ اسکول کی نامکمل تعمیرات کا فوری نوٹس لے کر متعلقہ محکمے سے تحقیقات کرائی جائیں تاکہ طلبہ کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

