تفتان:تفتان راہداری کراسنگ بحال، پاک ایران سرحد پر عوامی رابطے دوبارہ قائم

تفتان(گدروشیا پوائنٹ)بلوچستان کے سرحدی علاقے ماشکیل میں کٹاگر کراسنگ کے افتتاح کے بعد آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی خصوصی ہدایت پر تفتان راہداری کراسنگ کی بحالی کا باضابطہ اعلان کمانڈنٹ تفتان رائفلز نے کھلی کچہری کے دوران کیا۔ تفتان راہداری کراسنگ طویل عرصے سے ناگزیر وجوہات کے باعث بند تھی، جس کی بحالی پاک ایران سرحد کے دونوں جانب بسنے والے عوام کے لیے ایک بڑی خوشخبری قرار دی جا رہی ہے۔ اس فیصلے سے نہ صرف دونوں ممالک کے سرحدی اضلاع کے عوام کو اپنے عزیز و اقارب سے ملنے کا موقع ملے گا بلکہ تجارتی، ثقافتی اور سماجی روابط میں بھی اضافہ ہوگا. اس موقع پر مقامی عمائدین اور عوام نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی مسلسل کوششوں سے تفتان راہداری کراسنگ کی بحالی ممکن ہوئی، جو خطے میں عوامی ہم آہنگی اور تعلقات کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔