تربت (گدروشیا پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ سے جمعیت علمائے اسلام ضلع کیچ کے امیر مولانا غلام اللہ رستم کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلعی سطح پر مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے ضلع کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، علمائے کرام کو درپیش سیکیورٹی خدشات، پاک ایران سرحدی تجارت کے فروغ اور مدارس کے تعلیمی نظام سے متعلق معاملات پر ڈپٹی کمشنر کی توجہ مبذول کروائی۔ ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ تعلیم، امن کی بحالی اور معاشی ترقی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مدارس میں ہاسٹل اور لائبریریوں کا قیام معاشرہ میں تعلیمی ترقی کے لیئے خوش آئند اقدام ہے اور ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے ہر مثبت قدم میں تعاون جاری رکھے گی۔ وفد نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام علاقے میں پائیدار امن، سماجی استحکام اور معاشی بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ ملاقات کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے اس بات کی مکمل یقین دہانی کرائی کہ ان شاء اللہ پاک ایران سرحدی تجارت کو جلد کاروباری مقاصد کے لیے بحال کیا جائے گا، جس سے کیچ کے عوام کی معاشی مشکلات میں کمی آئے گی۔

