تمپ: گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول بنیادی سہولیات سے محروم، بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کا نوٹس اور فوری اقدامات کا مطالبہ

تمپ (گدروشیا پوائنٹ) بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچ لٹریسی کیمپین (BLC) کی ٹیم نے گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول، کُلاہو، تمپ، ضلع کیچ کا دورہ کیا، جہاں اسکول کی حالتِ زار انتہائی تشویشناک پائی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ اسکول میں طالبات کی ایک بڑی تعداد زیرِ تعلیم ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہاں نہ بجلی، نہ صاف پانی، نہ کلاس رومز میں دروازے و کھڑکیاں سلامت ہیں۔ تدریسی مواد، کتابیں، بورڈز، مارکرز حتیٰ کہ فرش پر بیٹھنے کے لیے چٹائیاں بھی میسر نہیں۔بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مطابق آٹھویں جماعت کے لیے مقرر استانی طویل عرصے سے غیر حاضر ہیں جبکہ کاغذات میں ان کی حاضری ظاہر کی جاتی ہے۔ اسکول میں بیت الخلا سمیت دیگر بنیادی انسانی سہولیات کا بھی شدید فقدان ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بلوچستان کے کئی سرکاری اسکول اسی طرح بنیادی تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں، اور کُلاہو تمپ کا یہ اسکول انہی مظاہر میں سے ایک ہے، جو حکومتی عدم توجہی اور تعلیمی اداروں کی بدانتظامی کی واضح مثال ہے۔بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ تعلیمی حکام فوری طور پر اسکول کی حالت بہتر بنائیں، عملے کی فراہمی یقینی بنائیں، اور طالبات کو تعلیم حاصل کرنے کے لیے موزوں اور باعزت ماحول فراہم کریں۔