تربت(گدروشیا پوائنٹ) خانقاہ عالیہ صمدیہ سلامیہ نقشبندیہ شاہی تمپ، تربت کیچ میں جمعیت علماء اسلام تربت کے امیر مولانا غلام اللہ رستم نقشبندی دُرزادہ کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کا بنیادی ایجنڈا جمعیت علماء اسلام کی فعالیت کو مزید مؤثر بنانا اور خاص طور پر کوشقلات کے علاقے میں جماعت کو منظم و متحرک کرنا تھا۔اجلاس میں شریک جے یو آئی کے رہنماؤں نے جمعیت علماء اسلام کو عوام کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت مظلوم اور محروم طبقات کی حقیقی نمائندہ ہے۔جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی رہنما مولانا عبدالسلام عارف نے اس موقع پر تجویز پیش کی کہ جماعت کو مقامی سطح پر مضبوط کرنے کے لیے وقتاً فوقتاً مشاورتی نشستیں منعقد کی جانی چاہییں۔جے یو آئی تربت کے رہنما اور بلدیاتی کونسلر مولانا یاسر امام نے بلدیاتی خدمات کے حوالے سے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کیچ کے جنرل سیکریٹری مولانا جاوید نعمانی، جے یو آئی تربت کے جنرل سیکریٹری مفتی نصرت اللہ عثمانی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری مفتی عبدالرحمن دُرزادہ، مولانا محمد یونس دُرزادہ، واجہ رفیق احمد دُرزادہ، واجہ ناصر نقشبندی دُرزادہ اور دیگر علماء و کارکنان نے بھی شرکت کی۔

