گوادر:ڈی جی جی ڈی اے کا شادی کور ڈیم سے پانی کی ترسیل کرنے والی لائن کا معائنہ، بحالی و مرمت کے کاموں کا جائزہ

گوادر (گدروشیا پوائنٹ) ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان نے شادی کور ڈیم سے گوادر کو پانی فراہم کرنے والی مین ٹرانسمیشن لائن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری بحالی، مرمت اور مینٹیننس کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے سید محمد، پی ڈی واٹر میر جان بلوچ اور اسسٹنٹ انجینئر کمبر بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈی جی جی ڈی اے نے پسنی کے قریب کوسٹل ایریا میں جاری پائپ لائن کی تعمیر و مرمت، بحالی اور لائن کی استعداد کار میں اضافے کے کام کا معائنہ کیا۔ تقریباً ساڑھے تین سال سے غیر فعال رہنے والی اس ٹرانسمیشن لائن کو جی ڈی اے نے پانی کے بحران کے دوران ہنگامی بنیادوں پر بحال کیا تھا۔ اب اس کی مکمل بحالی اور بہتری کے مراحل منظم انداز میں جاری ہیں تاکہ پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ رہے۔ گزشتہ دنوں مختلف علاقوں میں لیکیج اور کم پریشر کے مسائل سامنے آئے تھے، جن کے تدارک کے لیے جی ڈی اے کی واٹر ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد شادی کور ڈیم سے گوادر تک پانی کی ترسیل کو مستحکم بنانا، لائن کی استعداد میں اضافہ کرنا اور میرانی ڈیم سے ٹینکروں کے ذریعے فراہمی پر انحصار کم کرنا ہے، تاکہ گوادر شہر میں پانی کی سپلائی مستقل اور بہتر انداز میں جاری رہ سکے۔