خاران(گدروشیا پوائنٹ) گزشتہ روز نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے خاران سٹی پولیس تھانہ کے ایس ایچ او محمد قاسم بلوچ کی نمازِ جنازہ خاران بازار قبرستان میں ادا کر دی گئی۔نمازِ جنازہ میں سابق صوبائی وزیر میر عبد الکریم نوشیروانی، قبائلی و سیاسی عمائدین، اعلیٰ پولیس افسران سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید افسر کو سلامی پیش کی۔
ایس ایچ او محمد قاسم کے بہیمانہ قتل کے خلاف خاران بازار مکمل طور پر بند رہا جبکہ چیف چوک خاران میں احتجاجی دھرنا بھی جاری ہے۔ مظاہرین نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ شہید پولیس افسر کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

