گوادر (گدروشیا پوائنٹ) گوادر چیمبر آف کامرس کے صدر جہیند ھوت کی انڈونیشی وزیرِ تجارت سے ملاقات، دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ پر اتفاق
جکارتہ گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جیہند ہوت نے انڈونیشیا کے وزیرِ تجارت بوڈی سنتوسو سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور بندرگاہی تعلقات کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران صدر جیہند ہوت نے گوادر کی علاقائی تجارتی حیثیت اور پاک انڈونیشیا بزنس پارٹنرشپ کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ خطے میں تجارتی سرگرمیوں کا نیا مرکز بن رہی ہے، اور انڈونیشی سرمایہ کاروں کے لیے یہاں وسیع مواقع موجود ہیں۔ انڈونیشی وزیرِ تجارت بوڈی سنتوسو نے گوادر کی ترقی اور پاکستان کی تجارتی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انڈونیشیا پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) کے تناظر میں گوادر کے ساتھ شراکت داری کے امکانات کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان براہِ راست روابط قائم کیے جائیں گے تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جا سکے۔ صدر جیہند ہوت نے اس موقع پر انڈونیشی بزنس کمیونٹی کو گوادر چیمبر آف کامرس کی جانب سے بزنس ڈیلیگیشن کے دورے کی دعوت بھی دی، تاکہ وہ خود گوادر کی معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کا مشاہدہ کر سکیں۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ پاک۔انڈونیشیا تعلقات کو صرف حکومتی سطح تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ کاروباری برادریوں کے درمیان تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ صدر جیہند ہوت نے کہا کہ گوادر مستقبل کا معاشی گیٹ وے ہے، جہاں سے خطے کے تمام ممالک کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوادر چیمبر آف کامرس انڈونیشیا کے ساتھ تجارتی شراکت داری کے لیے عملی اقدامات کرے گا۔

