نوشکی( گدروشیاء پوائنٹ)ایم پی اے نوشکی حاجی میر غلام دستگیر بادینی نے نوشکی میں رخشان پیرامیڈیکل کالج کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب ایک پروقار انداز میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ایم پی اے حاجی میر غلام دستگیر بادینی تھے۔تقریب میں چیئرمین حاجی انور مینگل، شبیر احمد مینگل، سیاسی و سماجی رہنما نذیر بلوچ، محمد یونس بادینی، حاجی ہاشم بادینی سمیت کثیر تعداد میں عوامی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے حاجی میر غلام دستگیر بادینی نے رخشان پیرامیڈیکل کالج کے قیام کو علاقے کے لیے خوش آئند اور تاریخی پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کالج کے قیام سے نوشکی اور مضافاتی علاقوں کے نوجوانوں کو ٹیکنیکل اور میڈیکل شعبوں میں جدید تربیت حاصل کرنے کے مواقع ملیں گے، جس سے نہ صرف روزگار کے دروازے کھلیں گے بلکہ عوام کو صحت کے میدان میں بہتر سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ایم پی اے نے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنیکل تعلیم اور عملی مہارتوں کا دور ہے، نوجوان ہنر سیکھ کر ہی ترقی کے سفر میں شامل ہوسکتے ہیں۔کالج انتظامیہ کے مطابق ادارے میں میڈیکل ٹیکنیشن، لیب اسسٹنٹ، ڈسپنسر، او ٹی اسسٹنٹ، ویکسینیٹر، فارمیسی اسسٹنٹ، ایکسرے اسسٹنٹ اور ڈینٹل اسسٹنٹ کے کورسز کے ساتھ عملی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔کالج کے قیام پر علاقہ مکینوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رخشان پیرامیڈیکل کالج نوشکی کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی سمت اہم قدم ہے۔

