تربت (گدروشیا پوائنٹ) ضلع کیچ کے سب ڈویژن مند کے پسماندہ پاک ایران سرحدی علاقے ردیگ میں “میر عصاء گرائمر اسکول ردیگ مند” کے زیر اہتمام شاندار پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقے کے معززین و عمائدین طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ جسکی صدارت ڈائریکٹر حاجی واجو کررہے تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد حمد و نعت خوانی، نغمے، ٹیبلو اور ڈرامے پیش کیے گئے جنہوں نے حاضرین کو محظوظ کیا۔ بچیوں نے سروائیکل کینسر ویکسینیشن کے متعلق ایک بامقصد ڈرامہ بھی پیش کیا جس سے والدین اور معاشرے کو آگاہی فراہم کی گئی پروگرام میں طلباء و طالبات نے تعلیم کی اہمیت اور اساتذہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ استاد انسان کا دوسرا باپ ہوتا ہے اور تعلیم کے ذریعے ہی معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی معروف شخصیت میڈم رحیمہ جلال تھیں جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے 42 سال قبل زبیدہ جلال اسکول کا بنیاد رکھا، اس وقت بچیوں کو تعلیم دینا معیوب سمجھا جاتا تھا، لیکن آج خوشی ہے کہ مند کے بچے تعلیم حاصل کرنے پر اصرار کر رہے ہیں۔ تعلیم کے بغیر زندگی بے روح ہے، اور ایک عورت کی تعلیم پوری قوم کی تعلیم ہے۔ پروگرام میں ایف سی مند کے میجر توقیر علی، سکول کے ڈائریکٹر حاجی واجو، پرنسپل میڈم انیلہ، حاجی شیر محمد، ماسٹر عبدالاحد مسعودی ، میر ثناء اللہ لاشاری، میڈم شہناز، حاجی نذیر، حاجی جاوید، ڈاکٹر عائشہ ستار، حاجی مصطفیٰ، اسحاق مجید، میڈم عدیل، مریم قیوم، میڈم آمنہ عزیز، میڈم خدیجہ زاہد، عبدالشکور سمیت بڑی تعداد میں والدین، اساتذہ اور معززین شریک ہوئے۔
اسکول کے ڈائریکٹر حاجی واجو نے کہا کہ بچپن سے میرا خواب تھا کہ ردیگ جیسے علاقے میں ایک تعلیمی ادارہ قائم ہو۔ جہاں بچوں کی علم کی پیاس بجھا سکوں تاکہ وہ پڑھ لکھ کر اپنے والدین اور علاقے کی بہتر خدمت کرسکیں آج الحمدللہ ہمارے اسکول میں 250 طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں جبکہ 100 کے قریب بچے لینگویج کورسز کر رہے ہیں۔ ہائی سکول سورو کے ہیڈ ماسٹر حاجی شیر محمد نے کہا کہ 42 سال قبل عورتوں کو پڑھانا ایک گالی سمجھا جاتا تھا لیکن آج یہاں زیادہ تر بچیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ یہ معاشرتی تبدیلی خوش آئند ہے۔ ڈاکٹر عائشہ نے کہا کہ میں اپنے خاندان کی واحد لڑکی تھی جس نے تعلیم حاصل کی اور آج میں اپنے علاقے کے بی ایچ یو میں خدمت انجام دے رہی ہوں۔ تعلیم کے بغیر زندگی نامکمل ہے، والدین کو چاہیے کہ اپنی بچیوں کو ضرور پڑھائیں۔ تقریب کے آخر میں پی ٹی ایس ایم سی کے 11 رکنی ممبران کا اعلان کیا گیا جبکہ شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض صفاء اور فریدہ نے انجام دیے۔

