تربت(گدروشیا پوائنٹ)یونیورسٹی آف تربت میں نئے تعلیمی باب کا آغاز, ابھرتی ہوئی مارکیٹ کی ضروریات اور ڈیجیٹل تبدیلیوں کے پیش نظر، شعبہ مینجمنٹ سائنسز میں فنانشل ٹیکنالوجی (فن ٹیک) اور بزنس انالیٹکس کے نئے ڈگری پروگرامز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔یہ فیصلہ یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں منعقدہ شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے بورڈ آف اسٹڈیز کے آٹھویں اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت چیئرمین شعبہ ڈاکٹر غلام جان نے کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی سال 2026 سے فن ٹیک اور بزنس انالیٹکس کے پروگرامز باقاعدہ طور پر شروع کیے جائیں گے۔بورڈ ارکان نے ٹیکنالوجی پر مبنی بزنس پروگرامز کے اجرا کو ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرامز نہ صرف علاقائی طلبہ کے لیے نئے تعلیمی مواقع فراہم کریں گے بلکہ انہیں عالمی مارکیٹ میں مسابقت کے قابل بھی بنائیں گے۔اجلاس میں تعلیمی نصاب کی اصلاحات، جدید تقاضوں سے ہم آہنگی، اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نئے پروگرامز کے اجرا پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اس موقع پر این ای ڈی یونیورسٹی کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فرحان خلیل اور ہیریوٹ واٹ یونیورسٹی (برطانیہ) کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد شجاعت مبارک نے آن لائن شرکت کی.اجلاس میں ڈین فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس ڈاکٹر عدیل احمد، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر ریاض احمد، ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر وسیم برکت، ڈاکٹر محمد طاہر بادینی، سراج احمد اور وسیم راجہ سمیت فیکلٹی ممبران بھی شریک تھے۔اختتام پر ڈاکٹر غلام جان نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ مینجمنٹ سائنسز جدید تعلیم اور تحقیق کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

