تربت(گدروشیا پوائنٹ) یونیورسٹی آف تربت اورڈارسن سیکیورٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ کےتعاون سےتربت یونیورسٹی میں ایک معلوماتی اور انٹرایکٹو آن لائن سیشن کا انعقاد کیاگیاجس کی میزبانی شعبہ منیجمنٹ سائنسز،شعبہ کامرس اور شعبہ اکنامکس نے مشترکہ طورپرکی۔ سیشن میں ان شعبہ جات کے فیکلٹی اور طلباء نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔ نظامت کے فرائض شعبہ مینجمنٹ سائنسز کےسربراہ ڈاکٹر غلام جان نے انجام دیئے۔
مہمان مقررین ڈارسن سیکیورٹیز کے سی ای او ملک دل اویز احمد،انسٹی ٹیوٹ آف فنانشل مارکیٹس آف پاکستان کے سی ای او ڈاکٹر مبشر صادق، پاکستان اسٹاک بروکرز ایسوسی ایشن کے سی ای او بلال فاروق زردی اور ڈارسن سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ریسرچ محمد عظیم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیپیٹل مارکیٹس اورسمارٹ انویسٹنگ پرتفصیلی گفتگوکی۔ انہوں نے سرمایاکاری اورگیمبلنگ کے درمیان فرق کو بھی تفصیل کے ساتھ واضح کیا۔ مقررین نے ذمہ دارانہ سرمایہ کاری کے طریقہ کار، سرمایاکاری کے مختلف پہلووں اورفنانشل لٹریسی کے علاوہ معاشی ترقی کے لئے بروکریج فرموں کے کلیدی کردار،مارکیٹ ریگولیشن اور مالیاتی تعلیم کی اہمیت پربھی روشنی ڈالی۔سیشن کے دوران شرکاء کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کا مقررین نے پیشہ ورانہ اور علمی اندازمیں جواب دیا۔اس موقع پرفیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس کےڈین ڈاکٹر عدیل احمد نے سیشن کے انعقاد کو سراہتے ہوئے فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس کے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ترغیب دی کہ وہ یونیورسٹی اور انڈسٹریز کے درمیان روبط کو مزید مضبوط کرنے کے لئے آئندہ بھی اس نوعیت کے سیشنزمنعقد کیا کریں تاکہ طلباء قومی اور بین الاقوامی مالیاتی نظام کو عملی طور پر سمجھ سکیں۔ اس موقع پرتربت یونیورسٹی کے کنٹرولرامتحانات ڈاکٹرعبدالماجدناصر، کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض احمد اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر بادینی نے بھی اظہار خیال کیا۔ سیشن میں فیکلٹی ممبران چاکر فیض، محمد عالم، عطیہ اسلم، شاہل سید اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد بھی موجود تھے۔ اپنے اختتامی کلمات میں ڈاکٹر غلام جان نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور ڈارسن سیکیورٹیز کی ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ یونیورسٹی آف تربت کے طلباء اور فیکلٹی ممبران کے لیے آئندہ بھی اس نوعیت کے معلوماتی سیشنز کے انعقاد میں تعاون جاری رکھیں گے۔

