تربت: سینئر ڈویلپمنٹ آفیسر جہانزیب سراج کا یوسی گوکدان، بہمن 1 اور بہمن 2 کا دورہ

تربت (گدروشیا پوائنٹ) سینئر ڈویلپمنٹ آفیسر تربت جہانزیب سراج نے ڈسٹرکٹ آفیسر، انجینئر نعیم اور یوسی سیکرٹری بہمن 1 مختیار رؤف کے ہمراہ یوسی گوکدان، یوسی بہمن 1 اور یوسی بہمن 2 کا تفصیلی دورہ کیا۔ یہ دورہ ڈسٹرکٹ کونسل کیچ کے ترقیاتی بجٹ کے تحت جاری ترقیاتی اسکیمات کے معائنے کے سلسلے میں کیا گیا۔ وفد نے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی رفتار اور معیار کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران یوسی بہمن 2 کے چیئرمین، یوسی گوکدان کے کونسلر کہدہ یوسف اور مراد بخش نے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور عوامی ضروریات سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔ افسران نے ان مسائل پر غور کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ترقیاتی منصوبوں کو جلد اور معیاری انداز میں مکمل کیا جائے گا. سینئر ڈویلپمنٹ آفیسر جہانزیب سراج نے جاری کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی عمل میں شفافیت اور عوامی مفاد کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کی بہتری اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، اور اسی مقصد کے تحت ضلعی سطح پر ایسے دورے اور جائزے کیے جا رہے ہیں۔ دورے کے موقع پر شئے بہروز بھی افسران کے ہمراہ موجود تھے۔