تربت (گدروشیا پوائنٹ) کیچ تھیلیسیمیا کئیر سینٹر تربت کی جانب سے خاران اجتماع گاہ میں تین روزہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں اہالیانِ خاران سمیت بلوچستان بھر سے آئے شرکاء نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے تھیلیسیمیا کے بچوں کے لیے 450 سے زائد خون کے بیگ عطیہ کیے۔ یہ کیمپ بلوچستان کا دوسرا بڑا بلڈ ڈونیشن کیمپ قرار دیا جا رہا ہے۔کیمپ میں مختلف فلاحی اداروں اور سوشل ورکرز نے رضاکارانہ طور پر حصہ لیا۔ الحمد ٹرسٹ فاؤنڈیشن کے چیئرمین طفیل نور چنال اور ان کی ٹیم کے رضاکار صدام حسین، سرپرہ عتیق لالا، شاہد علی، عبیداللہ، سمیع اللہ چنال، راحیل احمد، عفی اللہ شاہوزئی اور عرفان احمد چنال نے اپنی خدمات سرانجام دیں۔اقرأ بلڈ بینک اینڈ فاؤنڈیشن کے بانی طارق رفیق اور ان کی ٹیم، جبکہ شہید خدمت فاؤنڈیشن خاران کے صدر شبیر احمد عثمانی اپنی ٹیم کے ہمراہ مسلسل بلڈ کیمپ کے دوران سرگرم رہے۔ڈویژنل ہیڈکوارٹر اسپتال خاران کے ایم ایس ڈاکٹر مشتاق احمد نے بلڈ کیمپ کے لیے بیڈز اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا، جبکہ ڈی ایچ او خاران حاجی شیر احمد نے بھی خصوصی تعاون فراہم کیا۔کیمپ کی کامیابی میں حاجی میر گل محمد محمد حسنی، معروف صحافی محمد عیسیٰ محمد حسنی، حاجی ظریف ملازئی، حاجی ممتاز کبدانی سمیت متعدد شخصیات کا تعاون شامل رہا جنہوں نے رضاکارانہ طور پر اپنے فرائض انجام دیے۔آخر میں کیچ تھیلیسیمیا کئیر سینٹر کی ٹیم نے شرکت کرنے والے تمام افراد اور تعاون فراہم کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس نیک عمل کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔کیمپ کے دوران تھیلیسیمیا کئیر سینٹر کی جانب سے عوام کو تھیلیسیمیا کے مرض اور اس سے بچاؤ کے لیے قبل از نکاح ٹیسٹ کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا تاکہ آنے والی نسل کو اس مہلک مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔

