اسلام آباد: پی ٹی سی ایل کا اعلان, ملک بھر میں 18 گھنٹے تک انٹرنیٹ سروس متاثر رہنے کا امکان

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ملک بھر کے انٹرنیٹ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ زیرِ سمندر کمیونیکیشن نیٹ ورک کے ایک حصے میں مرمتی کام کے باعث 18 گھنٹے تک انٹرنیٹ کی رفتار سست یا سروس معطل رہ سکتی ہے۔ترجمان پی ٹی سی ایل کے مطابق بین الاقوامی کیبل کنسورشیم نے ایک خراب ریپیٹر کی مرمت کے لیے 14 اکتوبر 2025 کو صبح 11 بجے سے کام کا آغاز کیا ہے، جو تقریباً 18 گھنٹے تک جاری رہے گا۔ مرمتی سرگرمیوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی یا عارضی بندش کا سامنا ہوسکتا ہے۔کمپنی نے صارفین سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ کام مکمل ہوتے ہی انٹرنیٹ سروس معمول پر بحال کر دی جائے گی۔