ہوشاب (گدروشیا پوائنٹ)عوامِ بنگل بازار، ہوشاب ضلع کیچ نے سرکاری پرائمری گرلز اسکول کی تعمیر میں تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کی فوری بحالی اور بروقت تکمیل کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اسکول کی تعمیر ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال مکمل نہیں ہو سکی۔ چاردیواری اب تک نامکمل ہے جبکہ کلاس رومز صرف ابتدائی مرحلے (C2) تک محدود ہیں۔ رمضان کے بعد تعمیراتی سرگرمیاں مکمل طور پر رک چکی ہیں اور مزدور بھی سائٹ پر واپس نہیں آئے۔عوامی نمائندوں نے بتایا کہ منصوبے کی نصف رقم 2024 کے بجٹ میں اور باقی نصف 2025 کے بجٹ میں مختص کی گئی تھی۔ تاہم، فنڈز کی تقسیم کے باوجود کام کی سست روی سے علاقے کے لوگ مایوس ہیں۔علاقہ مکینوں نے وزیر میر ظہور بُلیدی، حکومتِ بلوچستان اور ضلعی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری نوٹس لے کر اسکول کی تعمیر مکمل کروائیں، تاکہ طالبات کو محفوظ، آرام دہ اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے متعلقہ ٹھیکیداروں اور محکموں سے بھی اپیل کی کہ وہ منصوبے پر دوبارہ کام شروع کریں اور شفافیت کے ساتھ بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں، کیونکہ اسکول کی تکمیل علاقے کی بچیوں کے تعلیمی مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔

