تربت(گدروشیا پوائنٹ)ٹیچنگ اسپتال تربت کے ہال میں پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ 2076)، ضلع کیچ کی جانب سے یکجہتی اجلاس اور ریلی۔ منعقدہ اجلاس میں کہا گیا کہ گزشتہ روز ہفتہ کو ٹیچنگ اسپتال تربت کے چائلڈ وارڈ میں پیرامیڈیکل عملے پر تشدد کیا گیا تھا۔ اجلاس میں متاثرہ ساتھی پیرامیڈیکس کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ہمدردی کی گئی۔ اجلاس میں فیمیل نرسنگ اسٹاف سمیت خواتین عملے کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ تمام سینئر پیرامیڈکس اور خواتین ساتھیوں نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔ باقی بلوچ اور دیگر مقررین نے کہا کہ اسپتالوں میں موجود پیرامیڈیکل اسٹاف مریضوں کی خدمت اور مکمل دیکھ بھال کے لیے ہر وقت حاضر رہتا ہے۔ ان کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہوتی، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اکثر لوگ خود کو ڈاکٹر یا تجربہ کار نرس سمجھ کر عملے کو ہدایات دینے لگتے ہیں۔ اگر کسی کو کوئی مسئلہ ہو تو تشدد کے بجائے اسپتال کے ایم ایس سے شکایت کرنی چاہیے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اگر آئندہ کسی نے بدکلامی یا تشدد کا مظاہرہ کیا تو تمام پیرامیڈیکل اسٹاف یکجہتی کے ساتھ پُرامن احتجاج ریکارڈ کرائے گا۔ اجلاس میں پیرامیڈکس پر تشدد کے واقعے کے خلاف ایم ایس ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی کی جانب سے فوری ایکشن لینے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔اجلاس کے بعد پیرامیڈکس پر تشدد کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو اسپتال کے مختلف شعبوں سے گزرتی ہوئی اسپتال کے مرکزی آفس کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے اختتام پر یہ اعلان کیا گیا کہ ٹیچنگ اسپتال کی تمام سروسز بحال کر دی گئی ہیں، اور مرد و خواتین عملہ معمول کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔

