تربت:ٹیچنگ اسپتال تربت میں پیرامیڈیکل اسٹاف پر تشدد کی مذمت، ایم ایس ڈاکٹر وحید بلیدی اور تربت پولیس کو خراجِ تحسین

تربت(گدروشیا پوائنٹ) ٹیچنگ اسپتال تربت میں آج بروز سوموار کو پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (PMA) اور پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن رجسٹرڈ 2076 کا مشترکہ اجلاس پی ایم اے آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں گزشتہ روز ہفتہ 11 اکتوبر 2025 اسپتال کے چائلڈ وارڈ میں پیرامیڈیکل اسٹاف پر تشدد کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس کے شرکاء نے اس امر کو سراہا کہ ٹیچنگ اسپتال کیچ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (MS) ڈاکٹر وحید بلیدی نے واقعے پر فوری ایکشن لیا جبکہ تربت پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تشدد میں ملوث افراد کو گرفتار کرلیا۔ اس موقع پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (PMA) ڈسٹرکٹ کیچ اور پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن رجسٹرڈ 2076 نے ٹیچنگ اسپتال تربت میں تمام سروسز بحال کرنے کا اعلان کیا۔ شرکاء نے کہا کہ سرکاری ملازمین، خصوصاً طبی عملہ جو HIV، BHSAg اور HCV جیسی مہلک بیماریوں سے براہِ راست مقابلہ کر رہے ہیں، دن رات عوامی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔ چاہے آندھی ہو، طوفان، بارش یا سیلاب — یہ عملہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر عوام کی خدمت انجام دیتا ہے۔ ان پر حملہ کسی ایک فرد پر نہیں بلکہ پورے نظامِ صحت پر حملہ تصور کیا جاتا ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کیچ اور پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن رجسٹرڈ 2076 کیچ تربت کی جانب سے ایم ایس ٹیچنگ اسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلیدی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور تربت پولیس کے بروقت اور دلیرانہ اقدام کو سراہا گیا۔ شرکاء نے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی طبی عملے سمیت ڈسٹرکٹ کے تمام سرکاری ملازمین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔