تربت:دشت کنچتی میں آل مکران کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح، شاہ دوست دشتی کا کھیلوں کے فروغ کے لیے بڑا اعلان

تربت(گدروشیا پوائنٹ) کریم دشتی کرکٹ کلب کے زیرِ اہتمام دشت کے علاقے کنچتی میں آل مکران بالی کمیونیکیشن ناک آؤٹ کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خاص اور ٹورنامنٹ کے اسپانسر شاہ دوست دشتی تھے۔ جبکہ اعزازی مہمانوں میں کہدہ عزیز دشتی اور موسیٰ درآمد شامل تھے۔ ٹورنامنٹ میں گوادر، پسنی، تربت، مند، تمپ اور بلیدہ سمیت مکران کے مختلف علاقوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی شاہ دوست دشتی نے اعلان کیا کہ فائنل میچ کی فاتح ٹیم کو دو لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا اور رنر اپ ٹیم کو ایک لاکھ روپے ملیں گے جبکہ مین آف دی سیریز کو نئی موٹر سائیکل بطور انعام دی جائے گی۔

کھلاڑیوں اور تماشائیوں نے گدروشیا پوائنٹ کو بتایا کہ شاہ دوست دشتی کی جانب سے دشت جیسے پسماندہ علاقے میں آل مکران بالی کمیونیکیشن ناک آؤٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ایک مثبت اور حوصلہ افزا اقدام ہے۔ اس طرح کے کھیلوں کے مقابلے نہ صرف نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں بلکہ انہیں منفی رجحانات سے بھی دور رکھتے ہیں۔ اس حوالے سے شاہ دوست دشتی کی کوششیں اور کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ اب وہ خود مکمل اسپورٹس ادارہ بن چکے ہیں نہ صرف ٹورنامنٹ کرتا ہے بلکہ ٹورنامنٹ کمیٹیوں اور کھلاڑیوں کی مالی سپورٹ بھی کرتا آرہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے ٹورنامنٹس سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے اور علاقے کی پہچان میں اضافہ ہوتا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر کھیلوں کی سرپرستی تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے تو مکران اور خصوصاً دشت جیسے علاقوں سے معیاری کھلاڑی ابھر سکتے ہیں جو قومی سطح پر بھی اپنی شناخت بنا سکیں۔ کھلاڑیوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے بنیادی سہولیات جیسے اسپورٹس گراؤنڈز، تربیتی مراکز اور مناسب سازوسامان کی فراہمی حکومت اور نجی اداروں کی ترجیح ہونی چاہیے تاکہ نوجوانوں کی توانائی کو مثبت سمت میں استعمال کیا جا سکے۔ اور دشت میں اس ٹورنامنٹ کا انعقاد علاقے کی سماجی و کھیلوں کی ترقی کی سمت ایک اہم قدم ہے جو مقامی نوجوانوں کے حوصلے بلند کرنے اور مکران میں کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دینے کا باعث بنے گا۔